پنجاب اسمبلی کفایت شعاری مہم؛ 77 کروڑ روپے سرکاری خزانے میں جمع

اسپیکر اسمبلی ملک محمد احمد خان پہلے ہی اپنی تنخواہ اور تمام سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں


ویب ڈیسک April 25, 2026
فوٹو فائل

لاہور:

وزیرِاعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی کفایت شعاری مہم کے تحت پنجاب اسمبلی کے اخراجات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ہدایت پر اخراجات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے 77 کروڑ روپے کی خطیر بچت سرکاری خزانے میں جمع کرادی  ہے۔

صوبائی اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان پہلے ہی اپنی تنخواہ اور تمام سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں، جبکہ سرکاری پروٹوکول میں بھی سادگی اختیار کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر نے ذاتی گاڑیوں کے استعمال کو ترجیح دی، جس سے سرکاری وسائل کے استعمال میں نمایاں کمی آئی اور کفایت شعاری مہم کو عملی شکل ملی۔

پنجاب اسمبلی میں ارکان اسمبلی کی تنخواہوں سے بھی کفایت شعاری مہم کے تحت کٹوتی کی گئی، جبکہ گریڈ 20 سے اوپر کے افسران کی تنخواہوں سے 2 روزہ تنخواہ کی کٹوتی کی گئی۔

اس کے ساتھ سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول اخراجات میں 50 فیصد کمی کی گئی، جس سے مجموعی مالی بوجھ کم کرنے میں مدد ملی۔

کفایت شعاری مہم کے باعث پنجاب اسمبلی میں بجلی کے استعمال میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی اور صرف 2 ماہ کے دوران ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد بجلی یونٹس کی بچت ریکارڈ کی گئی۔ غیر ضروری خریداری پر مکمل پابندی عائد رہی اور کسی قسم کی نئی پروکیورمنٹ نہیں کی گئی، جبکہ غیر ملکی سرکاری دوروں پر بھی مکمل پابندی نافذ کر دی گئی۔

سرکاری تقریبات اور انٹرٹینمنٹ اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی۔ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیے گئے تاکہ اضافی اخراجات سے بچا جا سکے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کی 77 کروڑ روپے کی خطیر بچت نے ثابت کیا کہ کفایت شعاری اقدامات کے مثبت اور نمایاں نتائج سامنے آ رہے ہیں۔