عالیہ بھٹ کو ایئرپورٹ پر جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، سابق گارڈ کا انکشاف

امیگریشن مکمل کرکے میں باہر آیا اور فوراً عالیہ کے پاس سے لوگوں کو پیچھے ہٹایا، گارڈ ذیشان قریشی


ویب ڈیسک April 25, 2026

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو اپنی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کی ریلیز کے بعد ایئرپورٹ پر غیر متوقع اور پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ انکشاف ان کے سابق باڈی گارڈ ذیشان قریشی نے ایک حالیہ گفتگو میں کیا ہے۔

ذیشان کے مطابق عالیہ امیگریشن مکمل کرنے کے بعد اکیلی ایک کونے میں کھڑی تھیں جبکہ ان کی ٹیم کے دیگر افراد ابھی قطار میں موجود تھے۔

اسی دوران ایئرپورٹ اسٹاف اور کسٹمز اہلکاروں نے انہیں پہچان لیا اور تصاویر لینے کے لیے ان کے گرد جمع ہونا شروع ہو گئے۔

ذیشان نے بتایا کہ ابتداء میں چند افراد نے تصاویر کی درخواست کی لیکن جلد ہی ہجوم بڑھتا گیا اور صورتحال بے قابو ہونے لگی، ’لوگ بہت قریب آ گئے اور عالیہ بیچ میں دب گئیں، کچھ افراد نے ان کے کندھوں اور گردن کے قریب ہاتھ رکھنے کی بھی کوشش کی، جس سے اداکارہ واضح طور پر خوفزدہ ہو گئیں‘۔

ذیشان قریشی نے کہا کہ جیسے ہی وہ امیگریشن مکمل کر کے باہر آئے تو فوراً عالیہ کے پاس پہنچے اور لوگوں کو پیچھے ہٹنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے سب کو یاد دلایا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک انسان بھی ہیں جنہیں ذاتی جگہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

بعد ازاں وہ عالیہ بھٹ کو بحفاظت وہاں سے لے گئے اور اس بات کو یقینی بنایا کہ انہیں مزید کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔