راولپنڈی: شہری پر تشدد اور برہنہ کرنے میں ملوث 2 افراد گرفتار

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا


ویب ڈیسک April 25, 2026

راولپنڈی میں تھانہ بنی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہری پر تشدد کرنے اور اسے برہنہ کرنے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق گرفتار ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک شہری پر تشدد کیا اور اسے برہنہ کر کے شاہراہِ عام پر لے آئے، جس سے شہری کی تضحیک اور سنگین زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایس پی راول سعد ارشد نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے چالان کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔