پاکستان سے سعودی عرب حج پروازوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پہلے 7 روز میں 59 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 26 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے، ہفتے کے روز 8 پروازوں کے ذریعے مزید 22 سو پاکستانی عازمین حج کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔
مختلف خدمات کی فراہمی کے لیے مذہبی امور کے 80، حج مڈیکل مشن کے 50 اور 134 دیگر سول ملازمین بطور خدام الحجاج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ مین کنٹرول آفس، ایئرپورٹ استقبالیہ، خوراک، رہائش، ٹرانسپورٹ، ریاض الجنہ، مکہ روانگی، گمشدگی و بازیابی، کال سینٹر، شعبہ شکایات کے شعبے 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں۔
ترجمان کے مطابق 4 ہزار 611 پاکستانی عازمین حج کو ریاض الحجہ کی زیارت مکمل کروائی گئی۔ شعبہ گمشدگی و بازیابی نے ایک حاجی، 14 ویل چیئرز اور 673 بیگز تلاش کر کے منزل مقصود پر پہنچائے۔
پاکستان حج میڈیکل مشن نے 288 افراد کو او پی ڈی، 5 کو ڈینٹل، 4 کو ECG سہولیات فراہم کیں، مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین حج کے اولین قافلے ہفتہ کو مکہ مکرمہ روانہ ہونگے۔