پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی بچت کے لیے ایک بڑا منصوبہ تیار کر لیا

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس منصوبے کی حتمی منظوری دے دی ہے


ویب ڈیسک April 25, 2026

پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی بچت کے لیے ایک بڑا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت صوبے میں الیکٹرک بسوں کی مقامی سطح پر تیاری شروع کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس منصوبے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

اس منصوبے کے تحت الیکٹرک بسیں بنانے والی کمپنی Heavy Industries Taxila (ایچ آئی ٹی) نے ٹیکسلا میں اپنا پروڈکشن یونٹ قائم کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ مقامی سطح پر پیداوار شروع ہونے سے نہ صرف لاگت میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت پنجاب حکومت ایک الیکٹرک بس کے لیے تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر ادا کر رہی ہے، تاہم مقامی پیداوار کے بعد یہی لاگت کم ہو کر تقریباً ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک آ جائے گی، جس سے اربوں روپے کی بچت ممکن ہوگی۔

پنجاب حکومت پہلے ہی صوبے کے دس اضلاع میں 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کر چکی ہے، اور اس نئے اقدام کو ماحولیاتی بہتری، ایندھن کی بچت اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔