پاکستان نے خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا اور مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیے کے مطابق مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ چین کے تائی یوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ای او-3 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پاکستان کی خود انحصاری اور تکنیکی مہارت کے سفر میں ایک بڑی پیش رفت ہے اور یہ سیٹلائٹ جدید امیجنگ ڈیٹا فراہم کرے گا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ سٹیلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں انقلاب برپا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
مزید بتایا گیا کہ ای او-3 سیٹلائٹ کی کامیابی ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھے گی جو قومی ترجیحات کے مطابق مختلف شعبوں کی معاونت کرے گا اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنس دانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہا اور خلائی شعبے میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے مسلسل تعاون کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔