بہت جلد بڑے پیمانے پر احتجاج کی کال دی جائے گی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ہم نے 6 مئی کو قلم چھوڑ ہڑتال کی کال دی ہے، امید ہے وکلا بھرپور کردار ادا کریں گے، محمد سہیل آفریدی


علی مراد April 25, 2026
فوٹو: پی ٹی آئی

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بہت جلد بڑے پیمانے پر احتجاج کی کال دی جائے گی اور اس بار پورا پاکستان باہر نکلے گا جبکہ 6 مئی کو قلم چھوڑ ہرٹال کی کال دے دی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے دورے کے دوران عوامی اجتماع اور سینٹرل بار ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کے بعد کشمیر میں مسلط شدہ ٹولے کا رویہ کشمیری روایت کے خلاف ہے، یہ ٹولہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور قبائلیوں کے درمیان دل کا رشتہ ہے جو کبھی نہیں ٹوٹ سکتا، پاکستان اور کشمیر پر مسلط لوگ عوامی مینڈیٹ کے ساتھ نہیں آئے بلکہ مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر آئے ہیں، کشمیر میں ایک بار پھر انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور ووٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی جائے گی، لہٰذا عوام اپنے حق کی حفاظت یقینی بنائیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان نے عالمی طاقتوں کے سامنے کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ جرات سے اٹھایا، عمران خان اور ان کی اہلیہ ناحق قید ہیں، صحت کے مسائل کے باوجود وہ اپنے موقف پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملنا ان کا حق ہے اور اس حوالے سے تمام آئینی، جمہوری اور قانونی راستے اختیار کیے جا چکے ہیں مگر انہیں ملنے نہیں دیا جا رہا، عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور جعلی وزیر اعظم کا رویہ غیر سنجیدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام آئینی و جمہوری راستے اپنا رہے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے، اس کے باوجود پاکستان کے مفاد میں وفاقی حکومت کے اجلاس میں شرکت جاری رکھی، ملک و قوم کے لیے قربانیاں دی جا رہی ہیں مگر قابض ٹولہ اپنی فسطائیت پر قائم ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ مخالفین ذہنی و اخلاقی پستی کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں اور اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی پرامن بہنوں پر لاٹھی چارج کیا جاتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جعلی حکمران پاکستان کے مفاد میں نہیں سوچتے مگر وہ خاموش نہیں رہیں گے، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بھر پور احتجاج کیا جائے گا اور بہت جلد بڑے پیمانے پر احتجاج کی کال دی جائے گی اور اس بار پورا پاکستان باہر نکلے گا۔

عمران خان کی آواز پر لبیک کہنے اور مثالی جوش و جذبے کے اظہار پر کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مظفرآباد کا جم غفیر عوامی جذبات کی عکاسی کرتا ہے اور اس پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے، ضرورت پڑی تو ہر چوک کو ڈی چوک بنایا جائے گا مگر اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پورے پاکستان سے وکلا کا جرگہ منعقد کیا اور 6 مئی کو قلم چھوڑ ہڑتال کی کال دی ہے، امید ہے وکلا بھرپور کردار ادا کریں گے، 26 اور 27 ویں ترامیم کے بعد عدالتیں مفلوج ہیں، ڈیڑھ سال سے عمران خان کے مقدمات نہیں لگوائے جا رہے، یہ جعلی رجیم عمران خان سے خوف زدہ ہے، عمران خان کی آواز آئے تو کہرام مچ جاتا ہے، وہ خود باہر آجائے تو ان کی نیندیں حرام ہو جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وکلا نے ماضی میں بے مثال تحریکیں چلائیں، آج بھی قوم وہی تحریک دیکھنا چاہتی ہے، قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی، مسلط کیے گئے نااہل ٹولے سے عوام تنگ آ چکے ہیں اور اس عذاب سے نکلنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تقریباً 10 کروڑ عوام غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، تجارتی خسارہ بڑھتا جا رہا ہے، معیشت تباہ حال ہے، ہمیں خود کوشش کرنی ہو گی اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے باہر نکلنا ہو گا، آئین اور قانون کے ساتھ جو کچھ کیا جا رہا ہے وہ ملک و قوم کے خلاف ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم آزاد عدلیہ کی بحالی کے لیے وکلا برادری کا بھرپور ساتھ دیں گے، ہم بھی جلد حتمی کال دیں گے، قوم کے مستقبل کی خاطر آپ بھی بھرپور کردار ادا کریں گے۔