وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے وکلا کے لیے ریڈ بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابقبوزیر قانون و داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کی موجودگی میں سندھ بار کونسل کے انتخابات کے سلسلے میں سینئر وکیل رہنما قربان ملانو کو متفقہ طور پر بلامقابلہ جوڈیشل کمیشن سندھ کا رکن منتخب کر لیا گیا۔
سندھ بار کاؤنسل کے صوبے بھر سے دیگر منتخب اراکین میں آصف علی سومرو، امیر بخش میتلو، امل خان کاسی، وقار عالم عباسی، جہانگیر راہوجو، ارون پرساد، ریاض احمد بھٹی، سمسم علی خان، عبدالغنی بجارانی، عبدالرزاق مہر، شفقت رحیم راجپوت، محمد وسیم شاہ، اظہر حسین عباسی، عبد الستار لہڑانی، محمد ہاشم لغاری، الطاف حسین جونیجو، عرفان علی بگھیو، اور پرویز علی میمن شامل ہیں۔
دریں اثناء صوبائی وزیر قانون، داخلہ و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار نے سندھ ہائیکورٹ کراچی میں منعقدہ سندھ بار کونسل کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی۔ جہاں وائس چیئرمین اشتیاق میمن اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ایاز تنیو سمیت اراکین نے وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا۔
اجلاس میں وکلاء کے بینیولنٹ فنڈ میں تین سو فیصد اضافے اور سالانہ گرانٹ بڑھانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیر قانون نے کراچی میں وکلاء کے لیے ریڈ بس سروس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں چار روٹس پر سروس چلائی جائے گی جسے بعد ازاں حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ اور سکھر تک توسیع دی جائے گی۔
مزید برآں وکلاء کے لیے ہاسٹل اور اسپتال کے منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا، جن کا پی سی ون تیار ہے اور فیزیبلٹی رپورٹ جلد حکومت سندھ کو پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں میڈیکل گرانٹس میں اضافہ، نوجوان وکلاء کے لیے انٹرن شپ پروگرام، فنڈز کے آڈٹ، رعایتی فضائی سفر، رہائشی پلاٹس کی فراہمی اور لائبریریوں و ڈیجیٹل سہولیات کی بہتری سے متعلق تجاویز بھی زیر بحث آئیں۔
وزیر قانون نے تمام سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وکلاء برادری کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت سندھ کے ساتھ مؤثر انداز میں پیش رفت یقینی بنائی جائے گی۔