وزیراعظم کا ایرانی وزیرخارجہ کی روانگی کے بعد صدر پزشکیان سے رابطہ، 50 منٹ گفتگو

پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا، وزیراعظم شہباز شریف


ویب ڈیسک April 25, 2026
فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی عمان روانگی کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو ٹیلی فون کیا اور تقربیاً 50 منٹ کی گفتگو میں خطے کی صورت حال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور تقریباً 50 منٹ تک جاری رہنے والی اس گرم جوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے 11 اور 12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایرانی اعلیٰ سطح کے وفد کی شرکت کو سراہا اور ایران کے اس فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک وفد اسلام آباد بھیجا گیا، جس نے آج وزیراعظم سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں وزیراعظم کے ساتھ دو گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات بھی شامل تھی۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف عالمی رہنماؤں سے ان کے رابطوں نے جنگ سے متاثرہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔

اس دوران وزیراعظم نے رواں ماہ کے اوائل میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی مفید بات چیت کو بھی سراہا۔

ایرانی صدر کو پاکستان کے خطے میں امن کے لیے پختہ عزم کا یقین دلاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔

صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امن کے لیے کاوشوں میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا اور انہوں نے امن کے لیے ایران کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔