کینیا کے ایتھلیٹ نے لندن میراتھن 2026 میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

وہ باضابطہ مقابلے میں دو گھنٹے سے کم وقت میں میراتھن مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے ایتھلیٹ بھی بن گئے


ویب ڈیسک April 26, 2026

کینیا کے ایتھلیٹ سباسٹین ساوے نے لندن میراتھن 2026 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

لندن میں منعقدہ معروف مقابلے لندن میراتھن 2026 میں ساوے نے 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 1 گھنٹہ 59 منٹ 30 سیکنڈ میں طے کر کے نہ صرف پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ وہ باضابطہ مقابلے میں دو گھنٹے سے کم وقت میں میراتھن مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے ایتھلیٹ بھی بن گئے۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ساوے نے رنر کیلون کِپٹم کا سابقہ عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا، جو 2023 میں 2 گھنٹے 35 سیکنڈ تھا۔

ریس کے دوران ساوے نے آخری مراحل میں شاندار رفتار دکھائی اور اپنے حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ایتھوپیا کے رنر یومِف کیجلچا دوسرے جبکہ یوگنڈا کے جیکب کپلِمو تیسرے نمبر پر رہے، دونوں ایتھلیٹس نے بھی سابقہ عالمی ریکارڈ سے بہتر وقت ریکارڈ کیا۔

ماہرین کے مطابق یہ کارنامہ طویل فاصلے کی دوڑ کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہےکیونکہ اس سے قبل دو گھنٹے سے کم وقت میں میراتھن مکمل کرنا ناممکن سمجھا جاتا تھا۔

ساوے کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے کیریئر کی بڑی فتح ہے بلکہ عالمی ایتھلیٹکس میں ایک نئے دور کا آغاز بھی قرار دی جا رہی ہے۔