دہلی ائیرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹل گیا، طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی

6 مسافروں کو معمولی زخمی ہونے پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا


ویب ڈیسک April 27, 2026

سوئس انٹرنیشنل ایئر لائنز کی ایک پرواز میں دورانِ ٹیک آف انجن میں آگ لگنے کے باعث طیارے کو ہنگامی طور پر واپس اتار لیا گیا، جس کے نتیجے میں 6 مسافر زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ نئی دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ میں پیش آیا، جہاں زخمی مسافروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایئرلائن کے جاری کردہ بیان کے مطابق پرواز LX147 مقامی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 8 منٹ پر دہلی سے زیورخ کے لیے روانہ ہونے والی تھی کہ ٹیک آف کے فوراً بعد ایک انجن میں خرابی پیدا ہو گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

ترجمان کے مطابق طیارے میں اس وقت 228 مسافر اور 4 بچے سوار تھے۔ عملے نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے احتیاطی اقدام کے طور پر طیارے کو واپس اتار لیا اور تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ایئرلائن نے بتایا کہ واقعے میں عملہ مکمل طور پر محفوظ رہا جبکہ 6 مسافروں کو معمولی زخمی ہونے پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ انجن میں خرابی کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔