بالی ووڈ میں پیسے دے کر اپنی تعریف کرائی جاتی ہے، کرن جوہر کا انکشاف

کرن جوہر نے کہا موجودہ دور میں پیسے دے کر کروائی جانے والی تشہیر حد سے بڑھ چکی ہے


ویب ڈیسک April 27, 2026

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز اور پروڈیوسر کرن جوہر نے فلمی دنیا میں بڑھتی ہوئی پیڈ پبلسٹی اور مصنوعی تشہیر کے رجحان پر کھل کر تنقید کی ہے۔

کرن جوہر نے کہا کہ آج کل فلموں کی کامیابی اور مقبولیت کا اندازہ لگانا مشکل ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق فلموں کی تشہیر اس حد تک کمرشل ہو چکی ہے کہ یہ فرق کرنا دشوار ہو گیا ہے کہ کون سی تعریف حقیقی ہے اور کون سی خریدی گئی۔

ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ بالی ووڈ میں دکھاوے پر مبنی پروموشنل مہمات تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جہاں فلموں کو کامیاب دکھانے کے لیے بڑے پیمانے پر پیسہ خرچ کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رجحان نے فلم بینوں کے اعتماد کو متاثر کیا ہے اور ناظرین کے لیے اصل معیار کو پہچاننا مشکل بنا دیا ہے۔

کرن جوہر نے زور دیا کہ کسی بھی فنکار کی اصل پہچان اس کا کام ہونا چاہیے، نہ کہ مہنگی تشہیری مہمات۔ ان کے مطابق اگر مواد مضبوط ہو تو وہ خود ہی لوگوں کی توجہ حاصل کر لیتا ہے، اس کے لیے اضافی مصنوعی سہاروں کی ضرورت نہیں پڑتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں پیسے دے کر کروائی جانے والی تشہیر حد سے بڑھ چکی ہے، جس کے باعث یہ سوال اہم ہو گیا ہے کہ آیا ناظرین واقعی کسی فلم کو پسند کر رہے ہیں یا وہ صرف ایک مضبوط پی آر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔