حزب اللہ کا لبنان میں اسرائیلی فوجیوں پر ڈرون حملہ، ویڈیو وائرل ہوگئی

حملہ اس وقت کیا گیا جب اسرائیلی فوج اپنے زخمی اہلکاروں کو منتقل کر رہی تھی


ویب ڈیسک April 27, 2026

حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں ڈرون کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں کے قریب حملہ کیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جنوبی لبنان کے علاقے تیباہ میں پیش آیا، جہاں حزب اللہ نے ایک ڈرون کے ذریعے اسرائیلی فوجی پوزیشن کے قریب کارروائی کی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب اسرائیلی فوج اپنے زخمی اہلکاروں کو منتقل کر رہی تھی۔ اسی دوران فوجیوں کو ڈرون کو نشانہ بنانے کے لیے فائرنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

فوٹیج کے مطابق ڈرون زمین پر گرنے کے بعد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جبکہ قریب موجود اسرائیلی فوجی اپنی جان بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگتے نظر آئے۔

تاحال اس واقعے میں جانی نقصان یا زخمیوں کی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم یہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی ایک اور مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال خطے میں جنگی حکمت عملی کو تبدیل کر رہا ہے اور اس طرح کے حملے مستقبل میں مزید بڑھ سکتے ہیں۔