اسلام آباد ہائی کورٹ ججز تبادلے کا معاملہ؛ ایکسپریس نیوز اہم تفصیلات سامنے لے آیا 

ایک جج نے ممکنہ تبادلے سے قبل اپنی ذاتی کتابیں اور اشیاء پیک کرنا شروع کر دیں، ذرائع کا دعویٰ


ویب ڈیسک April 27, 2026

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے ممکنہ تبادلوں سے متعلق خبروں کے مطابق آئندہ اجلاس میں اس معاملے پر غور کیا جائے گا، جس کے لیے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں تقریباً 24 گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مختلف ججز کے تبادلوں پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں جسٹس خادم حسین سومرو کا سندھ ہائیکورٹ میں تبادلہ کیا جائے گا۔

جسٹس محسن اختر کیانی کا لاہور ہائیکورٹ اور جسٹس بابر ستار کا پشاور ہائیکورٹ میں تبادلہ شامل ہونے کی اطلاعات زیر گردش ہیں۔

ذرائع کے مطابق جسٹس خادم حسین سومرو نے مبینہ طور پر تبادلے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جبکہ دیگر تجاویز پر حتمی فیصلہ اجلاس میں کیا جائے گا۔

ذرائع کی جانب سے مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک جج نے ممکنہ تبادلے سے قبل اپنی ذاتی کتابیں اور اشیاء پیک کرنا شروع کر دی ہیں، تاہم یہ اطلاعات ابھی غیر مصدقہ ہیں اور حتمی فیصلے کا انحصار جوڈیشل کمیشن کے اجلاس پر ہوگا۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران ججز کی ممکنہ ٹرانسفر اور نئی تعیناتیوں سے متعلق خبروں کے تناظر میں وکلاء اور بنچ کے درمیان اہم مکالمہ ہوا۔

ایک وکیل نے نشاندہی کی کہ کیس پہلے جسٹس سردار اعجاز خان سن رہے تھے، تاہم اب ان کا سنگل بنچ دستیاب نہیں اور وہ صرف ڈویژن بنچ میں کیسز سن رہے ہیں، جبکہ ججز کی ٹرانسفر اور نئے ججز کی تعیناتی کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

اس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ “کسی نے تو کام کرنا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ میں”، اور مزید کہا کہ نئے آنے والے ججز کب آئیں گے یہ واضح نہیں، اس لیے موجودہ ججز ہی عدالتی امور نمٹا رہے ہیں۔

اسی دوران ایک اور کیس میں فیصلہ محفوظ ہونے پر وکیل نے استفسار کیا کہ کیا فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا، جس پر جسٹس کیانی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ “فیصلہ آج ہی ہو جائے گا، ویسے بھی ہمارے پاس 24 گھنٹے رہ گئے ہیں۔