لاہور:
وائلڈ لائف رینجرز لاہور اور کسٹمز حکام نے لاہور ایئر پورٹ پر دبئی سے غیر قانونی طور پر لائے گئے 150 کبوتر ضبط کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، تحویل میں لیے گئے کبوتر عدالتی حکم پر آزاد کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرز لاہور محمد وسیم نے کسٹمز حکام کے ساتھ مل کر دبئی سے غیر قانونی طور پر لائے گئے 150 کبوتر ضبط کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کبوتروں کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے حکم پر دیگر جنگلی پرندوں میں کسی بیماری کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر فوری طور پر آزاد کر دیا گیا جبکہ ملزم کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کر دے گئی۔
علاوہ ازیں، اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع بھکر محمد طارق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی پرندوں کے ایک غیر قانونی شکاری کو گرفتار کرکے 65ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ بٹیر کے دو نیٹنگ گیرز ضبط کرکے ملزمان کیخلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کروا دی۔
اس طرح کی ایک دوسری کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع بہاولپور طارق عباس کھوسہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک مقام پر غیر قانونی شکاری کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزم اپنی بندوق چھوڑ کر فرار ہوگیا جس کے قبضے میں لیکر ملزم کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کروا دے گئی۔