نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی۔
پولیس کے مطابق عطاء اللہ اور صدام گروپ کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب مبینہ طور پر غیر قانونی گولڈ مائننگ کے دوران تنازعہ پیدا ہوا، جو بعد میں مسلح جھڑپ میں تبدیل ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جن میں عطاء اللہ گروپ کا 17 سالہ نوجوان مہران اور صدام گروپ کے تین افراد شامل ہیں۔ علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ دیر تک جاری رہا جس کے باعث مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر مساجد سے اعلانات کے ذریعے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ قریبی تعلیمی اداروں میں بچوں کو حفاظتی طور پر اندر ہی محصور کر دیا گیا۔
پولیس کی بھاری نفری علاقے کی جانب روانہ کر دی گئی ہے اور سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر صورتحال پر قابو پانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فی الحال علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور سکیورٹی ادارے امن بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔