موجودہ دور میں جہاں مصروفیات بڑھتی جا رہی ہیں، وہیں یادداشت کی کمزوری بھی ایک عام مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔
اکثر لوگ شکایت کرتے ہیں کہ وہ چیزیں رکھ کر بھول جاتے ہیں، کسی کا نام یاد نہیں رہتا یا طے شدہ ملاقاتیں ذہن سے نکل جاتی ہیں۔ بظاہر یہ معمولی بات لگتی ہے، مگر بعض اوقات یہ کسی سنجیدہ مسئلے کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق بڑی عمر میں یادداشت کی کمزوری عموماً ڈیمینشیا جیسی بیماریوں سے جڑی ہوتی ہے، جس میں دماغی خلیات متاثر ہوتے ہیں اور یادداشت آہستہ آہستہ کمزور پڑ جاتی ہے۔ لیکن نوجوانوں میں یہ مسئلہ زیادہ تر ذہنی دباؤ، نیند کی کمی اور حد سے زیادہ کام کے باعث پیدا ہوتا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جو افراد مسلسل ذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہیں، اپنی صلاحیت سے زیادہ کام کرتے ہیں اور مناسب نیند نہیں لیتے، ان میں یادداشت کے مسائل زیادہ دیکھنے میں آتے ہیں۔ دماغ کو بھی جسم کی طرح آرام کی ضرورت ہوتی ہے، اور جب اسے یہ سکون نہیں ملتا تو اس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
اس مسئلے سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ متوازن طرز زندگی اپنایا جائے۔ روزانہ ورزش، صحت بخش غذا، مناسب نیند اور ذہنی سکون یادداشت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر مسئلہ شدت اختیار کر جائے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے تاکہ بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے۔