صدر ٹرمپ نے اہلیہ کا مذاق بنانے پر کامیڈین جمی کمل کو برطرف کرنے کا مطالبہ کردیا

جمی کمل کو صدر ٹرمپ کو طنز کا نشانہ بنانے پر پہلے بھی چینل پر پروگرام کرنے سے روک دیا تھا


ویب ڈیسک April 28, 2026
کامیڈین جمی کمل نے میلانیا ٹرمپ کا لائیو شو میں مذاق بنایا تھا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے معروف کامیڈین جمی کمل کو فوری طور پر ملازمت سے نکالنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ ردعمل اس وقت دیا جب جمی کمل نے مبینہ طور پر وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کے لیے منعقد کردہ ڈنر سے قبل اپنے شو میں ایک مذاق کیا جس میں خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے بارے میں متنازع جملہ کہا گیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر الزام لگایا کہ ڈنر تقریب پر حملے کی کوشش کرنے والا شخص واضح اور خطرناک مقصد کے ساتھ وہاں آیا تھا۔ انھوں نے جمی کمل کے مزاحیہ تبصرے کو تشدد پر اکسانے سے بھی جوڑا۔

امریکی صدر نے مطالبہ کیا کہ جمی کمل کو اے بی سی اور ڈزنی چینل سے فوری طور پر برطرف کردیا جائے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ صدر ٹرمپ اور جمی کمل کے درمیان تنازع سامنے آیا ہو۔

جمی کمل اپنے پروگرام میں اکثر ٹرمپ اور ان کی پالیسیوں پر طنز کرتے رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ایک واقعے میں چینل اے بی سی نے جمی کمل کو عارضی طور پر شو سے ہٹا دیا تھا۔

تاہم آزادیِ اظہار کے حق میں عوامی ردعمل کے بعد جمی کمل کو دوبارہ چینل پر پروگرام کرنے کی اجازت دیدی گئی تھا اور ان کا شو آج بھی کافی مقبول ہے۔