کراچی:
وسطی و بالائی سندھ کے اضلاع میں ہیٹ ویو کا آغاز ہوگیا، گرمی کی شدید لہر 3 مئی تک جاری رہ سکتی ہے، کراچی میں دن کے وقت گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے تاہم ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات نے سندھ میں ہیٹ ویو سے متعلق ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا جس کے مطابق 28 اپریل تا 3 مئی وسطی و بالائی سندھ کے اضلاع جامشورو، دادو، بے نظیر آباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، اس دوران مذکورہ اضلاع میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر کے دوران خواتین، بچوں اور بزرگوں کو احتیاط کا مشورہ دیا جاتا ہے، دن کے وقت سورج کی براہ راست تپش کے دوران گھروں سے نکلنے سے حتی الامکان گریز کریں جبکہ پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات تک کراچی میں دن کے وقت گرمی ریکارڈ ہوسکتی ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 36 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تک بڑھنے کے سبب گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے تاہم کراچی میں فی الوقت ہیٹ ویو کا امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.7 ڈگری رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد رہا، دیہی سندھ میں سب سے زیادہ گرمی موہنجو دڑو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوئی۔
لاڑکانہ 42.5، جیکب آباد، دادو اور حیدرآباد (سٹی) میں پارہ 42 ڈگری، بے نظیرآباد، سکھر، پڈعیدن، روہڑی اور حیدرآباد (ائیرپورٹ) پر پارہ 41 ڈگری جبکہ چھور، مٹھی اور سکرنڈ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سے زائد رہا۔