روسی ارب پتی کی 500 ملین ڈالر مالیت کی کثیرالمنزلہ کشتی آبنائے ہرمز عبور کرگئی

نہ تو ایران اور نہ ہی امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں روسی ارب پتی کی کشتی کو روکا


ویب ڈیسک April 28, 2026
روسی ارب پتی کی کشتی آبنائے ہرمز سے گزر گئی

روسی ارب پتی الیکسے مورداشوف کی بیش بہا قیمت لگژری سپر یاٹ ’نورڈ‘ کو دبئی میں مرمت کے بعد آبنائے ہرمز عبور کرکے عمان پہنچا دی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران نہ تو ایران کی پاسداران انقلاب اور نہ ہی ناکہ بندی پر مامور امریکی اہلکاروں نے اسے روکا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی ارب پتی کی اس کشتی نے بین الاقوامی بحری قوانین کے تحت ایک منظور شدہ راستے سے آبنائے ہرمز عبور کی۔

ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ دوست ملک کی تفریحی سفر کے لیے استعمال ہونے والی اس یاٹ کو آبنائے ہرمز سے بغیر کسی روک ٹوک کے گزرنے دیا گیا۔

دوسری جانب امریکی حکام نے بتایا کہ یہ یاٹ نہ تو ایرانی بندرگاہوں پر گئی اور نہ ہی اس کا ایران سے کوئی تعلق تھا۔ اس لیے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے باجود اسے جانے دیا گیا۔

اس وقت روسی ارب پتی کی یہ قیمتی کشتی عمان کے ساحل پر موجود ہے۔