لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب معروف ٹائر کمپنی کے سامنے ٹرالرکی زد میں آکر2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق قائد آباد تھانے کےعلاقے لانڈھی اسپتال چورنگی اور یونس چورنگی کے درمیان واقع معروف ٹائر کمپنی کے سامنے ٹرالرکی زد میں آکر2 نوجوان جاں بحق ہوگئے جن کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت محمد ارشد ولد فضل الرحمان اور ضمیر ولد نواب کے ناموں سے کی گئی ،جاں بحق نوجوانوں کی عمریں 16 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔
ایس ایچ او قائد آباد محمد اعجاز نے بتایا کہ حادثےمیں جاں بحق نوجوان محمد ارشد کا آبائی تعلق خوشاب اورضمیرسانکھڑ سے تھا دونوں نوجوان محنت کش تھے اورقریبی فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان گرمی سے بچے کے لیے ٹرالر کے نیچے لیٹ گئے جہاں ان کی آنکھ لگ گئی اور وہ سو گئے اسی دوران ٹرالر کے ڈرائیور نے لا عملی کے باعث ٹرالر چلا دیا جس کے باعث دونوں نوجوان ٹرالر تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔
انھوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرالرکا ڈرائیورفرارہوگیا تھا تاہم پولیس کو ٹرالراوراس کے ڈرائیور کے حوالے سے اہم معلومات ملی ہیں جن پرکام کیا جا رہا ہےامید ہے۔
پولیس جلد ٹرالراوراس کے ڈرائیورکا سراغ لگالےگی، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی نوجوانوں کی لاشیں ان کے ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔
متوفی ضمیر حسین کے رشتے دار نے جناح اسپتال میں میڈیا کے بات کرتے ہوئے بتایا کہ متوفی ضمیر مال بردار گاڑی کے ہمراہ پورٹ قاسم آیا تھا، متوفی ٹریلر پر بطور کلینر کام کرتا تھا۔ ایک سال قبل شادی ہوئی تھی متوفی جس گاڑی پر کام کررہا تھا وہ سامان اتارنے فیکٹری میں گئی تھی متوفی باہر دوسرے ٹریلر کے نیچے چٹائی بچھا کر آرام کررہا تھا کہ اس ہی نے کچل دیا۔