اسلامی نظریاتی کونسل نے ہیومن ملک بینک کے لیے سندھ حکومت کے بل کی منظوری دیدی

ازواجی اثاثوں کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار، چیف جسٹس اور اسپیکر کو خط لکھنے کا فیصلہ


اسٹاف رپورٹر April 29, 2026

اسلام آباد:

اسلامی نظریاتی کونسل نے ہیومن ملک بینک کے لیے سندھ حکومت کے بل کی منظوری دیدی جب کہ ازواجی اثاثوں کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور چیف جسٹس اور اسپیکر کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کا 245 واں اجلاس آن لائن منعقد ہوا جس کی صدارت علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کی۔

معرکۂ حق کے سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، سید عاصم منیر اور محمد شہباز شریف کی قیادت کو سراہا گیا۔

اجلاس میں پہلگام واقعہ 2025ء کو فالس فلیگ قرار دیا گیا اور بھارت کے الزامات کو مسترد کردیا گیا، آپریشن بنیان مرصوص میں میں پاکستان کی فتح کو تاریخی فتح قرار دیا گیا۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے ایران امریکا اسرائیل تنازع میں امن کوششوں پر حکومت پاکستان کی تعریف کی۔

کونسل نے علامہ طاہر محمود اشرفی کے ساتھ لندن واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

کونسل نے ضرورت مند بچوں کے لیے محفوظ شیر مادر (مدر ملک بینک) سندھ کے بل کی اصولی طور پر منظوری دی۔

ازواجی اثاثوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور چیف جسٹس اور اسپیکر کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مقدس اوراق کی ری سائیکلنگ کے لیے وزارت مذہبی امور کے ایس او پیز منظور کیے گئے۔

اجلاس وفاقی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ورچوئل طریقے سے منعقد ہوا۔