سی ای او پاکستان کرپٹو کونسل کا ایکسچینج ایسوسی ایشن کو کرپٹو لائسنس جاری کرنے کا عندیہ

کرپٹو کرنسی اگر مستحکم ڈیجیٹل کرنسی بن گئی تو اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات لمحوں میں منتقل ہوسکیں گی۔ بلال بن ثاقب


ارشاد انصاری April 29, 2026

پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال ثاقب نے ایکسچینج ایسوسی ایشن کو کرپٹو لائسنس جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے، بلال بن ثاقب کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسی اگر ایک مستحکم ڈیجیٹل کرنسی بن گئی تو اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات لمحوں میں منتقل ہوسکیں گی۔

اس حوالے سے ایکسچینج ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے بدھ کو ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کہ ای کیپ کے صدر ظفر پراچہ و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال ثاقب کے ساتھ اہم ملاقات کی ہے۔

اس ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال ثاقب نے کہا کہ کرپٹو کرنسی اگر ایک مستحکم ڈیجیٹل کرنسی بن گئی تو اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات لمحوں میں منتقل ہوسکیں گی اور ترسیلات زر کا سالانہ حجم 38 ارب ڈالر سے بڑھ کر 50 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان قیادت کی کوششوں سے پاکستان میں کرپٹو کونسل کو قانونی حیثیت حاصل ہوئی ہے، کرپٹو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے مطابقت رکھتا ہے، پاکستان کرپٹو کونسل کی کوششوں کے بدولت اب اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس ای سی پی کی جانب سے کرپٹو میں ٹریڈنگ کرنے کے خواہشمندوں کو کونسل کی این او سی سے مشروط بینکوں میں کرپٹو اکاوٴنٹس کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس وقت چار کروڑ پاکستانی پانچ سے چھ فیصد لاگت پر کرپٹو میں ٹریڈنگ کر رہے ہیں، اگر ڈیجیٹل لائسنس کا اجرا شروع ہوجائے تو یہ لاگت ایک فیصد رہ جائے گی۔