سندھ حکومت نے منشیات کی روک تھام کیلیے خصوصی ٹاسک فورس اور تیز ترین ٹرائلز کیلیے علیحدہ کورٹس بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس کا منعقد ہوا۔ ترجمان وزیر داخلہ کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرپرسن فریال تالپور نے کی۔
اجلاس میں منشیات,اسٹریٹ کرائم اور امن و امان، کچہ آپریشن اور سندھ فرانزک سائنس لیبارٹری کے ایجنڈاز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریال تالپور نے کہا کہ منشیات ہماری نوجوان نسلوں کو تباہ کر رہی ہے، ہر فرد کو نارکوٹس کے خلاف کام کرنے کی ضرورت ہے، پولیس منشیات جیسی لعنت کو معاشرے سے ختم کرے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات مافیاز کے خلاف بھرپور ایکشن کیا جائے۔ فریال تالپور نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں منظم اور بھرپور چیکنگ کی جائے، رینڈم چیکنگ کا مطلب و مقصد منشیات کی رسد کو روکنا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کریک ڈاؤن اس طور کیا جائے کہ منشیات فروشوں کے لیے پولیس خوف کی علامت بن جائے ۔
فریال تالپور نے کہا کہ کچہ آپریشن پر سندھ پولیس کو سراہتے ہوئے شاباش دیتی ہوں۔منشیات مافیاز کے خلاف ایکشن اور انہیں روکنا پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، کچے ایریاز میں افسران کی جرات و بہادری لائق ستائش ہے، اب وہاں عوام عوام کو پرسکون ماحول کی فراہمی اور امن و امان موجودہ حکومت کا مقصد ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کچا ایریاز میں لوگوں کی بحالی اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ منشیات مافیاز کے خلاف اسپیڈی ٹرائل کے لیے کورٹ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔
کورٹ کے قیام کا مقصد منشیات مافیاز اور ان کے گروہوں کو جلد سے جلد مثالی سزاؤں کو یقینی بنانا ہے ۔منشیات مافیاز کے خلاف صوبائی سطح پر کریک ڈاؤن جاری ہے، بارڈر ایریاز پر اے این ایف,کسٹم,ایکسائز اور پولیس کا جوائنٹ کیمپ کام کر رہا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات پر کچے میں آپریشن کا اغاز کیا، جس کے نتائج آپ سب کے سامنے ہیں۔ ڈاکوؤں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور ڈاکوں کا تقریبا قلع قمع کیا جا چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کچے کے انفراسٹراکچر کے لیے آئندہ اے ڈی پی کے تحت کام شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر افتاب، ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو ایس ایس پی کشمور مراد گھانگرو، ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی گھوٹکی انورکھیتران کے لیے سول ایوارڈ کیلیے نامزد کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں آئی جی سندھ اور متعلقہ ڈی ائی جیز نے تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ فہرست میں شامل بڑے منشیات میں 133 گرفتار، 145 پر ایف آئی ارز درج کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ درج ایف ائی ار کے تحت گرفتار 107 اس وقت جیل میں ہیں، منشیات مافیاز کا نیٹ ورک اور ان کی کمر توڑ دی ہے جبکہ منشیات مافیاز کے خلاف آہنی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ کچے ایریاز میں بھرپور کریک ڈاؤن سے کامیابیاں ملیں۔