مشرق وسطیٰ میں 10 ماہ سے تعینات امریکی طیارہ بردار بحری جہاز واپس بلانے کا فیصلہ

مرمت اور تکنیکی معائنے کیلئے خطے سے باہر منتقل کیا جائے گا، امریکا


ویب ڈیسک April 30, 2026

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  طیارہ بردار بحری بیڑا یو ایس جیرالڈ فورڈ جلد مشرق وسطیٰ سے واپس بلایا جا رہا ہے جسے مرمت اور تکنیکی معائنے کیلئے خطے سے باہر منتقل کیا جائے گا۔

امریکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ بحری بیڑا گزشتہ تقریباً 10 ماہ سے خطے میں تعینات تھا اور اس کی واپسی کے بعد امریکا کی خطے میں عسکری موجودگی اور فوری ردعمل کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے خاص طور پر ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں۔

دوسری جانب اس پیش رفت نے ایک اور امریکی بحری بیڑے ابراہم لنکن کے حوالے سے بھی سوالات کو جنم دیا ہے۔

ایران کی جانب سے اس پر حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا جسے واشنگٹن نے مسترد کر دیا تاہم اس کے بعد سے اس بحری جہاز کی نقل و حرکت واضح نہیں رہی۔

غیر مصدقہ اطلاعات میں کہا جا رہا ہے کہ بحری بیڑا ابراہم لنکن خلیج اومان کے قریب موجود ہو سکتا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔