ٹرمپ کے بیان پر بادشاہ چارلس کا کرارا طنز، میکرون کا بھی دلچسپ ردعمل سامنے آگیا

بادشاہ چارلس نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے شمالی امریکا کی نوآبادیاتی تاریخ کا حوالہ دیا


ویب ڈیسک April 30, 2026

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک سرکاری عشائیے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہلکے پھلکے انداز میں طنز کرتے ہوئے محفل کو خوشگوار بنا دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بادشاہ چارلس نے صدر ٹرمپ کے ایک حالیہ بیان کا حوالہ دیا، جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر امریکا دوسری جنگ عظیم میں مدد نہ کرتا تو یورپ کے لوگ جرمن زبان بول رہے ہوتے۔ اس پر جواب دیتے ہوئے بادشاہ چارلس نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’اگر برطانیہ نہ ہوتا تو آج آپ فرانسیسی زبان بول رہے ہوتے‘۔

ان کے اس جملے پر تقریب میں موجود مہمانوں نے قہقہے لگائے، جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی اس طنز کو خوش دلی سے سنا۔

بادشاہ چارلس نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے شمالی امریکا کی نوآبادیاتی تاریخ کا حوالہ دیا، جہاں برطانیہ اور فرانس کے درمیان امریکا کی آزادی سے قبل تقریباً 250 سال تک مقابلہ جاری رہا تھا۔

دوسری جانب فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے بھی اس بیان پر دلچسپ ردعمل دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ واقعی بہترین ہوتا‘، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے بھی اس طنز کو مثبت انداز میں لیا۔

یہ واقعہ نہ صرف سیاسی ماحول میں ایک ہلکی پھلکی جھلک لے کر آیا بلکہ اس نے تاریخی حوالوں کو بھی دلچسپ انداز میں اجاگر کیا، جسے عالمی میڈیا میں خاصی توجہ حاصل ہوئی۔