ٹکٹیں مہنگی ہونے کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہو کا عالم

ائیر لائنز نے اپنی پروازوں کی تعداد میں بھی چالیس سے پچاس فیصد تک کمی کر دی ہے


طالب فریدی April 30, 2026

ایران امریکا کشیدگی اور  جیٹ فیول منہگا ہونے سے مسافروں نے ہوائی جہاز کے ذریعے سفر کرنا انتہائی کم کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہو کا عالم ہے۔عازمینِ حج کے علاوہ اندرون اور بیرون ممالک جانے والے مسافر نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

ایران امریکا جنگ سے تباہ حال فضائی آپریشن سنبھلنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ عارضی جنگ بندی کے باوجود پاکستان سے بیرون ممالک اور اندرون ملک جانے والے مسافروں کی تعداد لاکھوں کے بجائے ہزاروں تک پہنچ گئی ہے۔

ملکی و غیر ملکی ائیر لائنز نے اپنی پروازوں کی تعداد میں بھی چالیس سے پچاس فیصد تک کمی کر دی ہے جبکہ رہی سہی کسر جیٹ فیول کی آئے روز بڑھتی ہوئی قیمت نے پوری کر دی۔

ٹکٹیں مہنگی ہونے کے سبب بھی اندرون ملک جہاز سے سفر کرنے والوں کی تعداد میں بھی خاصی کمی آئی ہے۔ کئی ملکی ائیر لائن مسافروں کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر اپنی پروازیں منسوخ کر دیتی ہے۔