کراچی:
پولیس کارکردگی سے مایوس شہری نے گھر میں ڈکیتی کی واردات کے بعد مقدمہ درج کروانے سے ہی انکار کر دیا، بفرزون میں 2 روز قبل ہونے والی ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، ملزمان واردات کے دوران 50 ہزار روپے اور 2 قیمتی موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق 28 اپریل کی صبح تمیوریہ تھانے کے علاقے بفرزون 15 اے 3 میں ڈاکٹر کے گھر ہونے والی واردت کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی میں 4 ملزمان کو فجرکے وقت واردات کے لیے گھر میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، مسلح ملزمان نے گھر داخل ہونے کے بعد واردات انجام دی اور 50 ہزار روپے، 2 قیمتی موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈاکٹر کے گھر میں ہونے والی واردات کو 2 روز گزر جانے کے باوجود ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج نہ کیا جا سکا۔
ایس ایچ او تیموریہ سعید خان کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری نے نہ 15 پر اطلاع دی اور نہ کوئی تحریری شکایت کی ہے۔ پولیس کو واردات کی اطلاع پڑوسیوں کی جانب سے دی گئی جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور جائے واردات کا موقع معائنہ کیا۔
پولیس کے بار بار کہنے کے باوجود متاثرہ شہری واردات کا مقدمہ درج کروانے کے لیے تیار نہیں، اس کے باوجود پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔