پیسوں کے لیے بیٹی کا لرزہ خیز قدم، ماں کو بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر قتل کر دیا

لڑکی اکثر اپنی ماں کے بینک اکاؤنٹ سے پیسے نکال کر اپنے 20 سالہ بوائے فرینڈ ارباز کو دیتی تھی


ویب ڈیسک April 30, 2026

بھارت میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک کم عمر لڑکی نے اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر اپنی ہی ماں کو قتل کر دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ ریاست جھارکھنڈ کے علاقے مانیٹولا میں پیش آیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 سالہ لڑکی اپنی ماں ناہیدہ پروین کے ساتھ رہتی تھی۔ ناہیدہ پروین کے شوہر کا چار سال قبل انتقال ہو چکا تھا، جس کے بعد انہیں تقریباً 45 لاکھ روپے کا مالی تصفیہ ملا تھا، جس میں ان کی بیٹی کو واحد وارث نامزد کیا گیا تھا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لڑکی اکثر اپنی ماں کے بینک اکاؤنٹ سے پیسے نکال کر اپنے 20 سالہ بوائے فرینڈ ارباز کو دیتی تھی۔ جب ناہیدہ پروین کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے اپنی بیٹی کو سختی سے منع کیا۔ اس پر لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ نے مل کر خاتون کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی، جس کا مقصد رقم، جائیداد اور سرکاری ملازمت حاصل کرنا تھا۔

واقعے کے مطابق 24 اپریل کو لڑکی نے اپنے بوائے فرینڈ اور اس کے تین ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی ماں کو تکیے سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ الزام ہے کہ اس جرم کے لیے لڑکی نے تقریباً 12 لاکھ روپے بھی ادا کیے۔

قتل کے اگلے روز لڑکی نے رشتہ داروں کو اطلاع دی کہ اس کی ماں باتھ روم میں گرنے کے باعث جاں بحق ہو گئی ہیں۔ تاہم، جب رشتہ داروں نے خاتون کی گردن پر نشانات دیکھے تو انہیں شک ہوا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ کو حراست میں لے لیا۔ تفتیش کے دوران لڑکی نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔