کراچی: گلشن حدید میں مسلح ملزمان کی دن دیہاڑے لوٹ مار، ویڈیو سامنے آگئی

واردات کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے


ویب ڈیسک May 01, 2026

اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گلشن حدید میں دن دیہاڑے ایک ہوٹل کے باہر شہریوں کو مسلح ملزمان نے لوٹ لیا۔

پولیس کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان کو ہوٹل کے باہر آتے دیکھا جا سکتا ہے۔

فوٹیج میں واضح ہے کہ دو ملزمان موٹر سائیکل سے اتر کر اسلحہ کے زور پر شہریوں سے قیمتی اشیاء چھین لیتے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ایک ملزم ہوٹل کے اندر داخل ہو کر بھی لوٹ مار کرتا رہا، واردات کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔