مشکل عالمی حالات کے باوجود پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی صورتحال مستحکم ہے جہاں نئی کمپنیوں کی لسٹنگ کے تسلسل سے سرمایہ کاروں کے لیے نئی سرمایہ کاری کے مواقع دستیاب ہیں۔
سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے سروس لانگ مارچ ٹائرز کے آئی پی او کی منظوری دیدی ہے جس کے نتیجے میں رواں مالی سال کے دوران اب تک پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آئی پی اوز کی تعداد بڑھ کر 12 ہوگئی۔
سروس لانگ مارچ ٹائرز ٹرک اور بس ریڈیل ٹائروں کی تیاری سے وابستہ کمپنی ہے جس کے 38 کروڑ 97 لاکھ سے زائد حصص فروخت کے لیے پیش کردیے گئے ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق آئی پی او بک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔ 75 فیصد حصص ادارہ جاتی اور ہائی نیٹ ورتھ سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ 25 فیصد حصص ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے رکھے گئے ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق امریکا ایران تنازع کے دوران کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں 14.54 فیصد کمی واقع ہوئی لیکن مثبت امیدوں پر مقامی سرمایہ کاروں کی مضبوط شرکت سے مارکیٹ کا اعتماد برقرار رہا۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری سے قبل کمپنی کے پراسپیکٹس کا بغور جائزہ لیں۔