بھارتی اداکارہ تبو بھوت بنگلہ کی وجہ سے اکشے کمار سے ناراض؟ ڈائریکٹر کی وضاحت

رپورٹس میں کہا جا رہا تھا کہ تبو کو فلم میں اپنے کردار کے کئی اہم مناظر حذف کیے جانے پر شدید تحفظات تھے


ویب ڈیسک May 02, 2026

بالی ووڈ اداکارہ تبو کے بارے میں گردش کرنے والی ان خبروں نے شوبز حلقوں میں توجہ حاصل کی کہ وہ فلم بھوت بنگلہ میں اپنے مناظر کم کیے جانے پر اکشے کمار سے ناراض ہیں۔ 

رپورٹس میں کہا جا رہا تھا کہ تبو کو فلم میں اپنے کردار کے کئی اہم مناظر حذف کیے جانے پر شدید تحفظات تھے اور اگر انہیں پہلے اس صورتحال کا اندازہ ہوتا تو شاید وہ اس پروجیکٹ کا حصہ نہ بنتیں۔

تاہم پریادرشن نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ منفی خبریں بلاجواز پھیلائی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق تبو ہرگز ناراض نہیں اور اگر ایسا کچھ ہوتا تو وہ خود ضرور آگاہ کرتیں، کیونکہ وہ ماضی میں ان کے ساتھ متعدد کامیاب فلمیں کر چکے ہیں۔

ہدایتکار نے واضح کیا کہ فلم کی ایڈیٹنگ اور حتمی مناظر کے فیصلے صرف ان کی ذمے داری ہیں، اور یہ تاثر غلط ہے کہ اکشے کمار نے کسی بھی اداکار کے سین کم یا ختم کروانے میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اکشے کمار نے کبھی بھی کسی سین کو ہٹانے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا، اور وہ ہمیشہ تخلیقی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔

پریادرشن کے مطابق کچھ عناصر فلم کی کامیابی کو متنازع بنانے کے لیے غیر ضروری افواہیں پھیلا رہے ہیں، حالانکہ فلم بتدریج باکس آفس پر بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے۔

یاد رہے کہ بھوت بنگلہ 17 اپریل کو ریلیز ہوئی تھی، اور اسے پریادرشن، اکشے کمار، پاریش راول، تبو اور راجپال یادیو کی ایک اور مشترکہ پیشکش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ فلم کو ناقدین کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا، تاہم شائقین کی دلچسپی نے اس کی تجارتی پوزیشن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ فلم آنجہانی اسرانی کی آخری فلموں میں بھی شمار کی جا رہی ہے، جو اپنی یادگار فلم شعلے میں جیلر کے کردار کے باعث آج بھی یاد کیے جاتے ہیں۔
اسرانی 20 اکتوبر 2025 کو 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، اور ان کی شمولیت نے بھوت بنگلہ کو مزید جذباتی اہمیت بھی دی ہے۔