پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران باغات میں عارضی مکینیکل جھولوں کی تنصیب اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
پی ایچ اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ تفریحی باغات میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق باغات میں مستقل نصب مکینیکل جھولوں کے مالکان یا آپریٹرز کو فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا، اس سلسلے میں تمام ضلعی ہارٹی کلچر ایجنسیوں کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ ہر مکینیکل جھولا حفاظتی معیار پر پورا اترتا ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی ایجنسیاں تصدیق کریں گی کہ مستقل نصب جھولے تمام حفاظتی پروٹوکولز پر عمل کر رہے ہیں اور ان جھولوں پر پابندی نہیں لگائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق یہ ہدایت صوبائی محکمہ داخلہ کے حکم کی روشنی میں جاری کی گئی ہے اور اس کا اطلاق پی ایچ اے کے تحت کام کرنے والی تمام ضلعی ہارٹی کلچر ایجنسیوں پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی ہارٹی کلچر ایجنسیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکم نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
ڈی جی پی ایچ اے راجا منصور احمد نے کہا کہ ضلعی ایجنسیاں یقینی بنائیں کہ ہر جھولا حفاظتی معیار پر پورا اترتا ہو اور محکمہ داخلہ کے نوٹیفیکیشن پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
راجا منصور احمد نے کہا کہ عید کے ایام میں پی ایچ اے کے اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں گے اور افسران ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔
ڈی جی پی ایچ اے راجا منصور احمد نے کہا کہ پی ایچ اے کا عملہ باغات میں صفائی اور شہری سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے گا۔