ایک پروٹین میں اضافہ، دماغ کو الزائمر سے لڑنے میں طاقتور بنا سکتا ہے

یہ اہم دریافت دماغ کے مخصوص خلیوں یعنی آسٹروسائٹس پر مرکوز ہے


ویب ڈیسک May 03, 2026

سائنس دانوں نے ایک ایسا طریقہ دریافت کر لیا ہے جس کے ذریعے دماغ اپنے ہی سپورٹ سیلز کو متحرک کر کے الزائمر کے نقصان دہ پلیکس کو خود صاف کر سکتا ہے۔

بیلر کالج آف میڈیسن کے محققین نے ایک ایسا قدرتی نظام دریافت کیا ہے جو الزائمرز بیماری کے شکار چوہوں کے دماغ سے نقصان دہ امائلائیڈ پلیکس کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ یادداشت اور سوچنے کی صلاحیت کو بھی محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ اہم دریافت دماغ کے مخصوص خلیوں یعنی آسٹروسائٹس پر مرکوز ہے۔ یہ ستارے کی شکل کے سپورٹ سیلز ہوتے ہیں جنہیں اس طرح متحرک کیا جا سکتا ہے کہ وہ الزائمرز میں بننے والے زہریلے مواد کو ختم کریں۔

نیچر نیورو سائنس میں شائع ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ساکس 9 نامی پروٹین کی مقدار بڑھانے سے ان خلیوں کی صفائی کی صلاحیت نمایاں طور پر بہتر ہو جاتی ہے۔

تحقیق میں حاص شدہ نتائج ایک نئے علاج کی امید پیدا کرتے ہیں جس میں دماغ کے اپنے دفاعی نظام کو مضبوط بنا کر ذہنی کمزوری کی رفتار کو سست کیا جا سکتا ہے۔

تحقیق کے مرکزی مصنف ڈاکٹر ڈونگ-جُو چُوئی کے مطابق آسٹروسائٹس دماغی رابطوں کو بہتر بنانے اور یادداشت کو محفوظ رکھنے جیسے دماغی نظام کے لیے نہایت اہم کام انجام دیتے ہیں لیکن عمر بڑھنے کے ساتھ ان خلیوں کی کارکردگی میں نمایاں تبدیلیاں آتی ہیں، جن کا مکمل کردار ابھی تک واضح نہیں ہو سکا۔