اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر تازہ فضائی حملے کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہو گئے جبکہ کم از کم 3 افراد شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب 17 اپریل کو ہونے والی جنگ بندی تاحال برقرار ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
لبنانی سرکاری خبر رساں ادارے لبنانی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جبل ریحان، بصلایا اور جزین کے علاقے السريرة کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ السمعیہ میں ایک مسجد کے قریب بھی فضائی حملہ رپورٹ ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بنت جبیل کے علاقے برج قلاویہ پر بھی اسرائیلی افواج کی جانب سے شدید بمباری اور گولہ باری کی گئی، جبکہ سرحدی گاؤں خیام میں اسرائیلی فوج نے کئی گھروں کو آگ لگا دی۔
خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے شہر شوکین میں ہونے والے فضائی حملے میں 3 افراد شہید ہوئے جبکہ ضلع نبطیہ میں بھی جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے القنطرہ کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران اسرائیلی حملوں میں لبنان میں شہید ہونے والوں کی تعداد 2659 تک پہنچ چکی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔