کراچی: دوستوں کے ہاتھوں دوست کا قتل، ملزم گرفتار

گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ مقتول کی گاڑی فروخت کرکے رقم آپس میں تقسیم کی گئی، پولیس


فوٹو: پولیس

کراچی میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر دوست نے اپنے ہی دوست کی جان لے لی تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ قائدآباد پولیس نے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، جنہوں نے عثمان آفریدی کو اغوا کے بعد نوری آباد میں قتل کیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے قتل کے بعد مقتول پر تیزاب ڈال دیا اور ملزم نے انکشاف کیا کہ مقتول کی گاڑی فروخت کر کے رقم آپس میں تقسیم کرلی گئی۔

قتل کے واقعے کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ واقعہ مبینہ طور پر غیرت کے نام پر پیش آیا تھا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم نور عالم کو گرفتار  کرلیا گیا ہے جبکہ مزید 3 ملزمان کی تلاش جاری ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش اور چھاپے جاری ہیں۔