وزیرِاعظم شہباز شریف کی پی ایس ایل فائنل کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم آمد

وزیراعظم نے اسٹیڈیم آمد کے دوران پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں اور کھلاڑیوں سے مصافحہ بھی کیا


ویب ڈیسک May 03, 2026

وزیرِاعظم شہباز شریف پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے، وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان سے مصافحہ کیا۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے فائنل میچ کا کچھ حصہ بھی دیکھا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعظم نے اسٹیڈیم آمد کے دوران پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔اس موقع پر وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، اعظم نزیر تارڑ ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، عبد العلیم خان، رانا مبشر اقبال اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے.

وزیراعظم  میچ کا کچھ حصہ دیکھنے کے بعد قذافی اسٹیڈیم سے روانہ ہو گئے جبکہ فائنل میچ کے دوران اسٹیڈیم میں شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی اور ماحول انتہائی پُرجوش رہا۔