بشریٰ بی بی کی بیٹی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی 6 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا


ویب ڈیسک May 04, 2026
فوٹو فائل

اسلام آباد:

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بیٹی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اہم فیصلہ سنا دیا۔

ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی اور فیملی ملاقات سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 2 روز کے اندر بشریٰ بی بی کی بیٹی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل وجوہات کے ساتھ تحریری آرڈر پاس کریں۔ عدالت نے حکم میں مزید کہا کہ 6 مئی کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ کی درخواست پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی جب کہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اڈیالہ جیل حکام کو درخواست دی گئی ہے، جس پر سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل حکام کو دی جانے والی درخواست کی کاپی پیش کر دی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ درخواست کورئیر کے ذریعے اور خود جا کر بھی جیل میں جمع کروائی گئی ہے۔

اس موقع پر عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت سے پہلے درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔

سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 16 اور 17 اپریل کی درمیانی رات بشریٰ بی بی کی سرجری ہوئی تھی، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بھی موجود ہے۔

عدالت نے کہا کہ درخواست اسی لیے جیل حکام کو بھجوائی جا رہی ہے تاکہ وہ اس پر فیصلہ کریں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔