دنیا کے طاقتور اور کمزور ترین پاسپورٹس کی نئی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق سنگاپور بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کمزور ترین پاسپورٹس میں چوتھے نمبر پر شامل ہے۔
عالمی ادارے ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ درجہ بندی کے مطابق سنگاپور کے شہری دنیا کے 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں، جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ رسائی ہے۔
فہرست کے مطابق دوسرے نمبر پر جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر موجود ہیں، جہاں کے شہری 187 ممالک تک ویزا فری رسائی رکھتے ہیں۔ اس کے بعد ناروے اور سوئٹزرلینڈ 185 ممالک تک رسائی کے ساتھ نمایاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک مجموعی طور پر پاسپورٹ طاقت کے لحاظ سے سرفہرست ہیں، جبکہ یورپی یونین کا اوسط 183 ممالک تک ویزا فری رسائی بنتا ہے، جو ملائیشیا اور برطانیہ کے برابر ہے۔
دوسری جانب کمزور پاسپورٹس کی فہرست میں افغانستان سب سے نچلے نمبر پر ہے، جہاں کے شہری صرف 23 ممالک تک بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد شام دوسرے، عراق تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق کمزور پاسپورٹس کی بنیادی وجوہات میں سیاسی عدم استحکام، جنگی حالات، سیکیورٹی خدشات اور ہجرت کے بڑھتے رجحانات شامل ہیں، جو کسی بھی ملک کے شہریوں کی عالمی نقل و حرکت کو متاثر کرتے ہیں۔