این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق موجودہ صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔ این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔
ملک میں جاری موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جاری پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے۔ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت کے علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاءالدین، لاہور، قصور، میانوالی، سرگودھا، جھنگ اور ملتان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلگت، اسکردو، گانچھے، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، مردان، باجوڑ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز اور برف پگھلنے سے گلیشیائی جھیل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ شہری گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے اور پر خطر ڈھلوانوں پر قیام سے اجتناب کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سفر میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر احتیاط برتیں، آندھی اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں۔
بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی۔