شہر میں ایک اور بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق تعداد 10 ہوگئی

خیبر ایجنسی میں بھی ایک بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوگیا، امسال سندھ میں مریضوں کی تعداد 11 اور ملک میں117ہوگئی


Staff Reporter August 20, 2014
خیبر ایجنسی میں بھی ایک بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوگیا، امسال سندھ میں مریضوں کی تعداد 11 اور ملک میں117ہوگئی۔ فوٹو: فائل

لاہور: کراچی اورخیبر پختونخوا میں پولیو وائرس سے مزید 2 بچے متاثر ہوگئے جس کے بعدکراچی میں امسال 10 سندھ میں 11 اور ملک بھر میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 117 ہوگئی۔

قومی ادارہ صحت اسلام آبادکی جانب سے کراچی میں پیرکورپورٹ ہونے والا ایک سالہ احمد ہے جوکراچی میں مانسہرہ کالونی کا رہائشی ہے، دوسرے پولیوکیس کی تصدیق خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کی 16 ماہ کی لائبہ میں کی گئی ہے،دونوں متاثرہ بچوں کے فضلے کے طبی ٹیسٹوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے، ملک بھر میں امسال ریکارڈ توڑ پولیو کیسز کی تصدیق کی گئی ہے،ان میں کراچی سمیت سندھ میں 11 پولیو کیس شامل ہیں، امسال کراچی سے 10 پولیو کیس سامنے آئے ہیں۔

ماہرین طب کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس کراچی میں موجود ہے جوکسی بھی وقت شدت سے حملہ آور ہوسکتا ہے، ادھرعالمی ادارہ صحت کی سیوریج کے پانی کی کیمیائی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں سیوریج پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی، ان علاقوں میں گڈاپ ٹاؤن،گلشن اقبال اوربلدیہ ٹاؤن شامل ہیں، ماہرین نے کراچی کے ندی نالوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پرتشویش کااظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ وائرس کراچی میں تباہی پھیلا سکتا ہے۔

دریں اثنا ماہرین طب نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پولیو وائرس کا خطرہ بدستور موجود ہے جو کسی بھی وقت اپنے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے، صوبائی محکمہ صحت نے بھی کراچی کے ان تینوں ٹاؤنز کے سیوریج کے پانی میںپولیو وائرس کی تصدیق کردی ہے اورکہا ہے کہ کراچی میں 18 اگست سے انسداد پولیو مہم جاری ہے، سائٹ ٹاؤن میں سیکیورٹی کی وجہ سے مہم متاثر رہی۔

واضح رہے کراچی میں 10 دن قبل پولیو وائرس ون سے 5 ماہ کا بچہ عمیر بھی رپورٹ ہواتھا جو نارتھ کراچی کا رہائشی ہے، یہ کیس 6 سال بعدر پورٹ ہوا ہے، متاثرہ بچے کا تعلق شمالی علاقہ جات سے بتایا گیا ہے جس کے والدین نے بچے کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی خوراک نہیں پلوائی، ادھر ای پی آئی کے صوبائی منیجر ڈاکٹر مظہر خمیسانی اور ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اعجاز کے مطابق کراچی میں 18 اگست سے شروع سہ روزہ انسداد پولیو مہم منگل کو ختم کردی جائے گی، ادھر پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے ایک بار پھرسے والدین کہا ہے کہ بچوں کو ٹیکے لگوائیں۔