سری لنکا نے پاکستان کی سہ ملکی ون ڈے سیریز میں شرکت کی تصدیق کر دی

یہ سہ ملکی سیریز پاکستان کرکٹ ٹیم، سری لنکا کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے درمیان کھیلی جائے گی


ویب ڈیسک May 06, 2026

پاکستان میں متوقع سہ ملکی ون ڈے سیریز کے لیے سری لنکا نے شرکت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے جس کے بعد ایونٹ کے انعقاد کی تیاریاں تیز کر دی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سہ ملکی سیریز پاکستان کرکٹ ٹیم، سری لنکا کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے درمیان کھیلی جائے گی جس کا مقصد آئندہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کو بہتر بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اس سیریز میں شرکت پر رضامندی ظاہر کر دی ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کی شرکت بھی متوقع ہے اور تمام بورڈز کے درمیان شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت جاری ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ سیریز رواں سال اکتوبر تا نومبر کے دوران پاکستان میں کھیلی جائے گی جبکہ میچز کے لیے لاہور اور کراچی کو ممکنہ وینیوز کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سری لنکن ٹیم اس دورے کے دوران محدود اوورز سیریز سے قبل ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیل سکتی ہے جبکہ بعد میں ٹیسٹ سیریز بھی شیڈول کا حصہ بن سکتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی سہ ملکی سیریز کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے اور یہ مجوزہ سیریز عالمی کپ سے قبل ٹیموں کے لیے اہم تیاری ثابت ہوگی۔