کراچی، گلشن حدید میں جیولری شاپ پر ڈکیتی کی بڑی واردات

گلشن حدید فیز ون کے قریب قائم جیولری کی دکان میں گاہکوں کی موجودگی کے دوران ڈکیت داخل ہوئے، دکاندار کو لہولہان کردیا


منور خان May 06, 2026

ڈسٹرکٹ ملیر کے علاقے گلشن حدید میں مسلح ڈاکو جیولری شاپ سے لاکھوں روپے مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید فیز ون باٹا موڑ کے قریب قائم جیولری کی دکان میں 3 مسلح ڈاکوؤں نے گھس کر ڈکیتی کے دوران سونا لوٹ کر فرار ہوگئےْ

بدھ کی دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب ڈکیتی سے قبل ایک خاتون اور مرد خریداری کے لیے جیولری شاپ میں داخل ہوئے جس میں خاتون چہرے کھلا ہوا جبکہ شلوار قیمض پہنے ہوئے مرد نے پی کیپ اور چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا۔

گاہکوں کو دکاندار نے جیولری دکھائی اور دونوں میں بات چیت چلتی رہی اس دوران شلوار قمیص میں ملبوس ایک ڈاکو جس نے چہرے پر رومال لپیٹا ہوا تھا جیولری شاپ پر آیا اور دروازہ کھلوا کر اندر داخل ہوا جس کے بعد اس کے مزید 2 ساتھی بھی اندر آگئے۔

اس دوران خریدار خاتون تو دکان سے باہر نکل گئی اور جب ڈاکو دکاندار کو قابو کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران حیرت انگیز طور پر ڈاکوؤں خاتون کے ہمراہ آنے والے شخص کو بغیر کسی مزاحمت کے باہر جانے دیا۔

بعدازاں تینوں ڈاکو دکاندر پر ٹوٹ پڑے اور ٹی ٹی کا بٹ مار کر اسے لہولہان کر دیا اور اس دوران ڈاکو کاؤنٹر رکھے گئے طلائی چین کے ڈبے اٹھا کر لیجاتے ہوئے دکھائی دیئے اور موقع سے فرار ہوگئے۔

ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن گلزار تنیو کے مطابق واردات کے دوران ڈاکو ساڑھے پانچ تولہ سونا لوٹ کر فرار ہوئے ہیں اور اس حوالے پولیس زخمی دکاندار سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔