بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے مسلسل مصروفیات کے بعد اپنی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے ممبئی میں آنکھوں کی ایک معمولی سرجری کروالی ہے، جس کے بعد انہوں نے چند روز آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کی یہ مائنر سرجری بدھ کی صبح انجام دی گئی، جس کا مقصد بینائی کی درستی تھا۔ ذرائع کے مطابق سرجری کامیاب رہی اور اداکار کی حالت تسلی بخش ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سرجری سے قبل اکشے کمار نے اپنی آئندہ فلم کی شوٹنگ مکمل کی تاکہ پروجیکٹس کا شیڈول متاثر نہ ہو۔ تاہم وہ آئندہ کچھ دنوں شوٹنگز میں حصہ نہیں لیں گے۔ اکشے حالیہ دنوں میں ہدایتکار انیس بزمی کی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، جس کا کیرالا شیڈول بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔ اس فلم میں ان کے ہمراہ ودیا بالن اور راشی کھنہ بھی شامل ہیں۔
اکشے کمار کے لیے 2026 کافی مصروف ثابت ہوا ہے۔ پریادرشن کی فلم ’بھوت بنگلہ‘ کی کامیابی کے بعد انہوں نے فوری طور پر نئے منصوبوں پر کام شروع کر دیا تھا، تاہم اب انہوں نے مصروف شیڈول کے درمیان صحت کے لیے مختصر وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
58 سالہ اداکار اس وقت بھی بالی ووڈ کے مصروف ترین فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی آنے والی فلموں میں ’ویلکم ٹو دی جنگل‘، ’گول مال 5‘ ، ’حیوان‘ اور مراٹھی فلم شامل ہیں۔ مداحوں کی جانب سے اکشے کمار کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ شوبز حلقوں میں بھی ان کی صحت سے متعلق خبریں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔