اسلام آباد:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے عازمین حج اور دیگر مسافروں کی امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ کے تحت ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کی سعودی امیگریشن کے لیے قائم کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے ملے۔ روڈ ٹو مکہ کے تحت عازمین حج کو پاکستان کے ایئرپورٹس پر ہی سعودی امیگریشن کی تیز رفتار سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
عازمین حج نے روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ پر سعودی امیگریشن کی سہولت کے بہترین انتظامات پر اظہار اطمینان کیا اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
عازمین حج نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پراسس انتہائی آسان رہا، کسی قسم کی دقت پیش نہیں آئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسافروں سے امیگریشن اور دیگر سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ امیگریشن میں چند منٹ لگے، عمل نہایت آسان تھا، بین الاقوامی آمد پر تمام امیگریشن کاؤنٹرز فعال تھے۔ بروقت امیگریشن کی سہولت فراہم کی گئی۔
وزیر داخلہ نے جوائنٹ سرچ چیک پوسٹ کا بھی جائزہ لیا جبکہ سرچ سسٹم کو مزید مؤثر اور تیز تر بنانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیکیورٹی نظام کو اَپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور سیکیورٹی کو بیک وقت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ مسافروں کو بلا تاخیر سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد بخاری اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔