معرکہ حق میں پاکستان نے مؤثر اسٹریٹیجک کمیونیکیشن کے ذریعے واضح کیا کہ قومی عزم صرف دعویٰ نہیں کیونکہ پاکستان نے جو کہا وہ کرکے بھی دکھایا۔
معرکہ حق میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے پوری قوم کے غیر متزلزل عزم اور قومی مؤقف کی مؤثر، واضح اور دوٹوک انداز میں ترجمانی کی۔
بھارتی بزدلانہ حملے سے لے کر معرکہ حق کی کامیابی تک ڈی جی آئی ایس پی آر نے اقوام عالم کو قومی مؤقف سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب کو بھارتی بلااشتعال جارحیت پر واضح کیا کہ بزدل دشمن بھارت نے اپنی حدود سے پاکستان میں شرمناک حملہ کیا جس کا بروقت، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستان میں بزدلانہ حملے کا اتنا سخت جواب دیا جائے گا کہ بھارت کی عارضی خوشی ہمیشہ کے لیے غم میں بدل جائے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے بلا جواز اور بلا اشتعال حملے سے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان اپنے وقت، جگہ اور اپنی مرضی کے مطابق بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بزدل دشمن بھارت نے فوج سے لڑنے کے بجائے رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا ہے، دشمن سے معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا پورا حساب لیا جائے گا۔ پاکستان ہر قیمت پر اپنی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا اور بنا رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو بھارتی میڈیا کو بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ پوری دنیا دیکھے گی۔ ہم تمہاری طاقت، جارحیت اور مکاری سے ڈرنے والی قوم نہیں ہیں، اب ہمارے بھر پور جواب کا انتظار کرو۔ کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ جب ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی جائے گی تو طاقتور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے ترجمان کے تاریخی الفاظ پاکستانی قوم کی جرات، یکجہتی اور قومی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔