آبنائے ہرمز پر گرفت مضبوط، امریکی بحریہ نے 70 ایرانی ٹینکرز کا راستہ روک دیا، مارکو روبیو

گزشتہ روز کی کارروائی کا ایپک فیوری سے تعلق نہیں،اگر امریکا اور فورس پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، میڈیا ٹاک


ویب ڈیسک May 08, 2026
فوٹو: فائل

امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت آبنائے ہرمز کا انتظام کنٹرول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امریکی بحریہ نے ایران کے 70 ٹینکرز کا راستہ روکا ہوا ہے۔

اٹلی کے دورے پر گئے مارکو روبیو نے میڈیا سے رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوپ لیو کے ساتھ ملاقات بہت تعمیری اور خوشگوار ماحول میں ہوئی اور کئی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی کیوبا انسانی امداد قبول نہیں کر رہا جبکہ امریکہ مزید امداد دینے کے لیے بھی تیار ہے۔ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا ایران کو آبنائے ہرمز کا انتظام کنٹرول کرنے کی اجازت نہیں دے گا جبکہ ہم معاہدے کے حوالے سے ایران کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں جو آج موصول ہوجانا چاہیے تھا تاہم اب تک تہران کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا تاہم امید ہے جواب سنجیدہ ہوگا اور مذاکرات کا راستہ کھل جائے گا۔

مارکو روبیو نے کہا کہ امید ہے کہ ایران سنجیدہ مذاکرات کے عمل کی طرف جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ روز کی جانے والی کارروائی پر کہا کہ کل جو کارروائی کی گئی اُس کا ایپک فیوری آپریشن سے کوئی تعلق نہیں، جو بھی امریکا یا ہماری فورسز پر حملہ کرے گا اُسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ پر ایران کی طرف سے بین الاقوامی پانیوں میں فائرنگ کی گئی جس کا ہم نے جواب دیا، امریکہ ایران کی تیز رفتار کشتیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جو بھی امریکہ کو خطرہ پہنچائے گا، اس کے خلاف سخت ردعمل دیا جائے گا۔

مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کے ساتھ گزشتہ روز ہونے والا تصادم ایک دفاعی کارروائی تھی، کل کی کارروائی کا آپریشن ایپک فیوری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ ایک بین الاقوامی آبی راستے پر کنٹرول رکھتا ہے، لیکن امریکہ ایسا نہیں ہونے دے گا، اگر امریکا پر میزائل فائر کیے گئے تو جواب دیں گے، جو بھی امریکی فورسز پر حملہ کرے گا، اس کو سخت جواب دیا جائے گا۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ دنیا کا کوئی ملک ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں دیکھنا چاہتا اور امریکا اس حوالے سے کام کررہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ لبنان میں حزب اللہ کی مالی معاونت روکنے پر کام کر رہا ہے اور اس حوالے سے تمام بات چیت لبنان کی حکومت کے ساتھ جاری ہے جبکہ حزب اللہ سے براہ راست کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے، ہماری توجہ لبنانی حکومت پر ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے مزید کہا کہ آج ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے سے متعلق تجاویز پر جواب موصول ہو جانا چاہیے، امید ہے کہ یہ ایسا ہو گا جو ہمیں سنجیدہ مذاکراتی عمل کی جانب لے جاسکے۔