دنیا کیلیے بڑا خطرہ امریکا؟ عالمی سروے رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا

ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر امریکا کے بارے میں منفی جذبات بڑھے ہیں


ویب ڈیسک May 09, 2026

ایک نئی عالمی سروے رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر میں امریکا کے بارے میں رائے یا تصور مسلسل دوسرے سال بھی مزید خراب ہو گیا ہے اور اب اسے روس سے بھی زیادہ منفی انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ڈنمارک میں قائم Alliance of Democracies Foundation کی جانب سے جاری سالانہ جمہوریت سروے میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں نے عالمی سطح پر امریکا کے امیج کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا کی نیٹ پرفارمنس ریٹنگ دو برس قبل مثبت 22 فیصد تھی جو اب گر کر منفی 16 فیصد ہو گئی ہے جبکہ روس کی ریٹنگ منفی 11 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب چین کی ریٹنگ مثبت 7 فیصد رہی۔

سروے میں دنیا کے مختلف ممالک کے شہریوں سے سوال کیا گیا کہ روس اور اسرائیل کے بعد عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ کون سا ملک ہے جس پر بڑی تعداد میں لوگوں نے امریکا کا نام لیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی، نیٹو اتحادیوں کے ساتھ کشیدگی، وسیع تجارتی ٹیرف، گرین لینڈ پر کنٹرول کی دھمکیاں، یوکرین کیلئے امریکی امداد میں کمی اور ایران کے ساتھ جنگ کے باعث عالمی سطح پر امریکا کے بارے میں منفی جذبات بڑھے ہیں۔

فاؤنڈیشن کے بانی اور سابق نیٹو سربراہ نے کہا کہ امریکا کے عالمی امیج میں تیزی سے آنے والی یہ گراوٹ افسوسناک ضرور ہے، تاہم موجودہ امریکی پالیسیوں کے باعث یہ حیران کن نہیں ہے۔