پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حافظ نعیم الرحمان کا شدید ردعمل

شہریوں سے بھاری لیوی وصول کرنا بہت بڑا ظلم ہے، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک May 09, 2026
فوٹو: فائل

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت مسلسل پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کررہی ہے، عالمی مارکیٹ میں قیمت 8 ڈالر کم ہوئی مگر حکومت نے  15 ، 15 روپے فی لیٹر مزید بڑھادیے، حکومت نے اسے کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کا نام لیتے ہیں اور بھاری لیوی وصول کررہے ہیں، لیوی کا پٹرولیم قیمت سے کوئی تعلق نہیں، اس وقت بھی فی لیٹر 150 روپے سے زائد ٹیکسز و لیوی وصول کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب اور مڈل کلاس شہریوں سے بھاری لیوی وصول کرنا بہت بڑا ظلم ہے، طالب علم، مزدور اور بائیکیا چلانے والے حکومتی ٹیکسوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، دوسری طرف حکمران طبقے کی شاہ خرچیاں اور مراعات جاری ہیں، اربوں روپے کے جہاز، پروٹوکول ، یہ دہرا نظام زیادہ عرصہ نہیں چل سکتا۔