اقبال ٹاؤن پولیس نے 36 گھنٹوں میں خاتون سے پرس چھیننے کی واردات ٹریس کرلی۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دو موٹرسائیکل سوار ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
15 کال موصول ہوتے ہی پولیس نے فوری رسپانس دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت ملزمان کو 36 گھنٹوں کے قلیل وقت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ملزمان کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شناخت کی گئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبداللہ ولد انور کے نام سے ہوئی ہے جو سبزہ زار کا رہائشی ہے، اور واردات میں چھینا گیا پرس، موبائل فون اور نقدی رقم بھی ملزم کے قبضے سے برآمد کرلی گئی ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے مزید 3 اسنیچنگ وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے، جبکہ اس نے ایک واردات تھانہ سبزہ زار اور دو وارداتیں تھانہ اقبال ٹاؤن کی حدود میں کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق فرار ساتھی ملزم قمر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔